پشاور: پیپلزپارٹی کے رہنما بلند اقبال ترکئی نے کہا ہے کہ پرویزخٹک گروپ پیپلزپارٹی میں آیا تو اسی دن میں بھی پیپلزپارٹی چھوڑ دوں گا۔
گزشتہ ماہ 19 مئی کو تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سینئر سیاستدان بلند اقبال ترکئی نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ پرویزخٹک، اسد قیصر اور شاہ فرمان 9 مئی کے واقعات کے اصل کردار ہیں۔
بلند اقبال ترکئی کا کہنا تھا کہ یہ 5 سے 6ا فراد کا چوروں کا ٹولہ ہے، یہ پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ اپنی چوریوں سے بھاگ رہے ہیں، ان کے خلاف بی آر ٹی سمیت کئی کیسز تیار پڑے ہیں، یہ لوگ سیدھا جیل جائیں گے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ پرویز خٹک ہمیشہ اپنے محسن کو پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہیں، یہ ہائی جیکر ہیں،انہوں نے تحریک انصاف بھی ہائی جیک کی ہوئی تھی، اگر پرویزخٹک اوران کا گروپ پیپلز پارٹی میں آیا تو اسی دن میرا بھی پیپلزپارٹی کو آخری سلام ہوگا۔