لاہور(امت نیوز) تحریک انصاف کے زوال کا سلسلہ نہ رک سکا، مزید3 رہنما ؤں نے 9 مئی کے واقعات پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ہمایوں اختر خان نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ایک بیان میں ہمایوں اختر خان کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہمارے خاندان کا پاک فوج سے لازوال تعلق قائم ہے اور شہید اختر عبدالرحمٰن جس فوج کے جرنیل تھے اس پر ہمیں فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
ہمارے شہداء کا لہو اور قربانیاں یہ قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، 9 مئی کے واقعات نے پوری قوم کی طرح ہمارے خاندان کو بھی انتہائی افسردہ کیا، بالخصوص شہداء کی یادگاروں کو جو نقصان پہنچایا گیا وہ شہید کی اولاد ہونے کے ناطے اُن کے لیے شدید باعثِ رنج تھا اور اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا ک ان حالات میں میرے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعلق جاری رکھنا ممکن نہیں رہا لہٰذا میں پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ قوم اور اس کے محافظوں کا یہ محبت بھرا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے سانحہ 9مئی کی بنیاد پر تحریک انصاف سے مکمل علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ دراصل پاکستان کے دل اور پاکستانیت پر حملہ ہے۔
9مئی کے واقعات اوراداروں سے محاذ آرائی کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے گزشتہ روزاپنے صاحبزادے این اے 63سے رکن قومی اسمبلی منصور حیات خان اور بھتیجے پی پی19کے رکن صوبائی اسمبلی عمار صدیق خان کے ہمراہ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا حملہ آور ملک دشمنی کے مرتکب ہوئے ہیں ،میں ان تمام ناپاک عزائم اورناپاک اقدام کی بھرپور مذمت کرتا ہوں ،میرا یہ مطالبہ ہے بحیثیت ایک محب وطن پاکستانی کہ ایسے لوگوں کو قرار واقعی سزادینی چاہیے۔
علاوازیں کراچی سے بانی رکن اور سینئرنائب صدر پی ٹی آئی سندھ اشرف جبارقریشی نے پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا۔اپنی ٹویٹ میں اشرف جبارقریشی نے پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پارٹی سیاست کے بجائےریاست کیساتھ ٹکراؤ میں چلی گئی،ہماری لائف لائن پرحملہ ہوا،شہیدوں کی یادگاروں کو نقصان پہنچایاگیا، اس کی ذمہ داری کون قبول کرےگا؟۔