ممبئی:بھارت میں شہریوں پر مسلسل حملے کرنے والا انتہائی مطلوب بندر بالآخر پکڑا گیا، بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اس بندر پر 20 افراد پر حملہ کرنے کا الزام ہے، ریسکیو ٹیم نے بندر کو پکڑنے کے لیے کئی جتن کیے اور گزشتہ روز شکار کی تلاش میں گھومتے ہوئے اس بندر کو مقامی لوگوں نے پکڑ لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس انتہائی مطلوب بندر کے سر پر 21 ہزار روپے کا انعام رکھا گیا تھا جسے حکام نے بالآخر لمبی جدوجہد کے بعد پکڑ لیا ہے۔ریسکیو ٹیم نے بندر کی تلاش کے لیے ڈرون کا بھی استعمال کیا اور اسے پکڑ کر پنجرے میں بند کردیا جب کہ بندر کے پکڑے جانے پر ڈرامائی انداز میں جشن منایا گیا اور لوگوں نے خوب نعرے لگائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بندر کے حملوں کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں پر پہرے دینا شروع کردیے تھے اور بعض گھروں کے اوپر کچھ افراد نے اسلحہ کے ساتھ پہرے دیے جس کی تصاویر بھی سامنے آئیں۔