کراچی: پی آئی اے کے حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔
گزشتہ شب کراچی تا جدہ کیلیے آخری حج فلائٹ روانہ کی گئی ۔ کل 268 پروازوں کے ذریعے سے 61،467 حجاج کرام حجاز مقدس روانہ ہوئے ۔ان پروازوں کے ذریعے سے تقریبا 41 ہزار سرکاری حجاج، 19 ہزار پرائیوٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ روانہ ہوئے ۔
پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا ،پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں۔ سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے حجاج نے براستہ کراچی، جدہ کا سفر کیا۔
پی آئی اے کی حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 94 فیصد رہا ۔268 پروازوں میں سے 249 پروازیں وقت پر یا وقت سے کچھ دیر پہلے ہی روانہ ہوئیں ۔
پورے حج آپریشن میں 19 پروازیں مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں ۔حج آپریشن میں بروقت روانگی کے اعلی تناسب پر سی ای او پی آئی اے نے متعلقہ ٹیموں کو شاباش دی ۔پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کا آغاز 2 جولائی سے ہوگا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔