لاہور (اُمت نیوز) صوبائی دارالحکومت میں سورج کا پارہ پائی ہوتے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شدید گرمی کے باعث مختلف علاقوں میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص نشے کی زیادتی کے باعث دم توڑ گیا۔
ایدھی ترجمان کے مطابق داتا دربار، لاری اڈا اور گارڈن ٹاؤن کے علاقوں میں گرمی کی شدت سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ داتا دربار پناہ گاہ میں 32 سالہ شخص گرمی کی شدت کے باعث جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت واجد علی کے نام سے ہوئی جو کہ خیبرپختونخوا کا رہائشی تھا، لاری اڈا کے علاقے نواز شریف یکی گیٹ ہسپتال میں 57 سالہ شخص گرمی کی شدت سے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق گارڈن ٹاؤن کوٹھا پنڈ میں گھر میں موجود 78 سالہ بزرگ خاتون گرمی کی شدت سے جاں بحق ہوئی، جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 78 سالہ نسیمہ کے نام سے ہوئی۔
ایدھی ترجمان نے بتایا کہ گلبرگ کے علاقہ کلمہ چوک کے قریب 18 سالہ نوجوان نشے کی زیادتی کے باعث دم توڑ گیا جس کی شناخت عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا، پولیس اور فرانزک ٹیم کی کارروائی کے بعد نعشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دی گئیں