اسلام آباد (اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور بھارتی وزیراعظم مودی کی ملاقات کے بعد پاکستانیوں کا دل دکھا ہے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں کی کوشش ہمیشہ دہشت گردی کو ختم کرنا رہی، بھارت امریکہ مشترکہ اعلامیہ میں انسانی حقوق کا ذکر ہی نہیں، جاری کردہ بیان پر افسوس ہوا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھائی گئی، انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں خاموش ہیں۔
دوران گفتگو پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ واقعہ کے وقت میں نہ وہاں موجود تھا اور نہ ملوث، ایماء کی بنیاد پر مجھ پر مقدمہ بنایا گیا ہے۔