جناح ہاؤس حملہ: 78 ملزمان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث مزید 78 ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی گئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔
اس موقع پر گرمی اور حبس کے باعث بخشی خانہ میں متعدد ملزمان بے ہوش ہوگئے، پولیس اہلکاروں نے ملزمان کو پانی دیا اور ان کے سر پر پانی ڈالتے رہے جہاں کچھ وقت کے بعد ریسکیو 1122 کو طلب کرلیا گیا اور بے ہوش ملزمان کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹر خمیر،عباد فاروق اور اسد شعیب سمیت 78 ملزمان کو پیش کیا گیا کن کیخلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔