دبئی(اُمت نیوز) مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف لندن سے دوبئی پہنچ گئے۔ ان کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی لاہور سے دوبئی پہنچ گئی ہیں۔ پارٹی زرائع کے مطابق امکان ہے کہ میاں نواز شریف دبئی میں 3 سے 4 روز تک قیام کریں گے، دبئی میں قیام کے بعد نواز شریف حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے دبئی روانگی کے لئے کسی سرکاری پروٹوکول کے بغیر لاہور ائیر پورٹ سے روانہ ہوئیں۔ ائیرپورٹ پر مریم نواز کے مداحوں نے ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں۔ مریم نواز بغیر پروٹوکول کے لاہور سائیر پورٹ پر عام مسافروں والے لاؤنج میں کرسیوں پر بیٹھیں، انہوں نے وی وی آئی پی پروٹوکول اور اسٹیٹ لاؤنج استعمال نہیں کیا، مریم کے ہمراہ ان کے بیٹے جنید صفدر بھی دبئی گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ مریم نواز اپنے والد نواز شریف کے ساتھ سعودی عرب بھی جائیں گی۔