سوات(نمائندہ امت)سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے مانکیال میں ڈولی لفٹ سے ماں اور بیٹا گرکر دریائے سوات میں ڈوب گئے، ڈولی میں ایک ہی خاندان کے چارافراد سوارتھے،خاتون کے گود سے شیر خوار بچہ گرنے پر اس نے بچانے کے لئے چھلانگ لگادی، پولیس چوکی مانکیال کے انچارج اے ایس آئی اسماعیل خان کے مطابق مسماۃ (ر) زوجہ بہادر میکے آئی تھی جہاں اس کا چار ماہ کا بیٹا اویس بیمارہونے پر اسپتال لے جارہاتھا جس کے لئے خاتون اور اس کے والدین ڈولی لفٹ میں بیٹھ کر دریا کے دوسرے پار جارہے تھے کہ اس دوران اویس اس کے گود سے دریائے سوات میں گرگیا ماں نے بچے کو بچانے کے لئے چھلانگ لگادی اور دونوں ماں بیٹا بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے، جن کی لاشوں کی تلاش کے لئے ریسکیو اہلکار، مقامی پولیس اور مقامی غوطہ خورکوششیں کررہے ہیں،۔ سوات کے بالائی علاقوں میں دریائے سوات پر رابطہ پل نہ ہونے کے باعظ دریا کے دوسرے پار کے لوگ ڈولی لفٹوں کا ہی استعمال کرتے ہیں، یہ ڈولی لفٹس غیر محفوظ ہونے کے باعث آئے روزحادثات کا سبب بن رہے ہیں، مقامی افراد نے اعلیٰ حکام سے اس حوالے سے فوری نوٹس لینے اور رابطہ پلوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔