جناح اسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑنے کا واقعہ،تیسرا کردار جمن سامنے آگیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح اسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑنے کا واقعہ، تیسرا کردار جمن سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں 18سال کی لڑکی کی لاش چھوڑ کر جانے والے مرد اور خاتون کے بعد ایک اور کردار سامنے آ گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گلستانِ جوہر کا رہائشی جمن لڑکی کو چند ماہ سے پارٹیوں میں بھیجا کرتا تھا، تینوں افراد کی تلاش جاری ہے۔

جناح اسپتال میں 18 سال کی لڑکی کی لاش چھوڑ کر جانے والے واقعے کا مقدمہ 24 گھنٹوں سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود درج نہیں ہو سکا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کار سوار خاتون اور مرد کا بھی کوئی پتہ نہیں چل سکا، دونوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ لڑکی کے والدین کی کراچی آمد کے بعد درج کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق لڑکی کی ساس کراچی میں موجود ہے اس سے رابطے میں ہیں، لڑکی کی میت والدین کے پہنچنے کے بعدان کے حوالے کی جائے گی۔واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی گزشتہ روز برآمد کر لی گئی تھی، کار کے مالک اور کرائے پر لینے والے شخص کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔