کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کراچی میں طویل دورانیہ کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو مرمت و تکنیکی خرابی کے کھاتے میں ڈال کر صارفین کی حق تلفی کرنے لگی، دن بھر اور نصف شب کےبعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کا بڑھتا دورانیہ اذیت کا باعث بن گیا۔
حکومت سندھ اور وفاقی حکومت نے شہریوں کے احتجاج کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا۔ کےالیکٹرک کی انتظامی ہٹ دھرمی کا خمیازہ صارفین کو بھگتنا پڑرہا، مختلف علاقوں میں آئے روز کئی گھنٹے بجلی بند رہنا معمول بن چکا۔ اتوار کو چھٹی کے دن بھی مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی۔نارتھ کراچی، ناظم آباد، سرجانی، ایف بی ایریا، کورنگی، لانڈھی،ملیر میں علاقہ مکین شدید پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ شدید گرمی اور بھاری بھرکم بلز کی ادائیگی کے باوجود کے الیکٹرک بدترین لوڈشیڈنگ کررہا ہے۔ کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہےکہ کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔