ایبٹ آباد ( اُمتنیوز ) خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں میراجانی چوٹی پر گم ہونے والے سیاحوں کو باحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عارف خٹک کی ہدایت پر ایمرجنسی آفیسر فہد علی مسعود کی نگرانی میں ریسکیو 1122 کی سپیشل ٹیم کی جانب سے سیاحوں کی تلاش شروع کی گئی تھی۔
ترجمان ریسکیو نے آپریشن مکمل ہونے کے بعد بتایا کہ الحمد اللّہ چوٹی پر جانے والے تمام 6 سیاحوں کو باحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے اور ٹیم سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے بعد اپنے ہمراہ لائی۔
یہ بھی پڑھیں:۔اسلام آباد، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش
ترجمان نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی ٹیم کے ہمراہ ریسکیو 1122 مری ، اور ایبٹ آباد پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ ایبٹ آباد میں میرا جانی چوٹی پر جانے والے 6 سیاح لاپتہ ہو گئے تھے۔ سیاحوں کا تعلق پشاور سے ہے، سیاح سیر تفریح کیلئے میرا جانی چوٹی گئے اور لاپتہ ہو گئے تھے، سیاحوں سے فیملی کا رابطہ ختم ہوگیا تھا۔