ہرارے ( اُمت نیوز) سکاٹ لینڈ نے عمان کو 76 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالی۔
گروپ بی کے اہم میچ میں اومان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 320 رنز بنائے، برینڈن میک مولن کی 121 گیندوں پر 136 رنز کی اننگ نے ٹیم کو بڑا سکور سیٹ کرنے میں مدد فراہم کی۔
عمان کی جانب سے بلال خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 55 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اومان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز تک محدود رہی، کپتان نسیم خوشی کی 69 رنز کی اننگ رائیگاں گئی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شعیب خان نے 36 اور عاقب الیاس نے 31 رنز سکور کئے۔
فاتح ٹیم کی جانب سے کرس گریوز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 53 رنز کے عوض 5 شکار کئے۔
سکاٹ لینڈ کے کھلاڑی برینڈن میک مولن کو میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔