گیٹ کھلا تو بھگڈر مچ گئی،گیٹ پر لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی، فائل فوٹو
گیٹ کھلا تو بھگڈر مچ گئی،گیٹ پر لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی، فائل فوٹو

کیماڑی میں بینظیر سپورٹ پروگرام کے مرکز میں بھگدڑ، 16خواتین زخمی

کراچی:  کیماڑی میں واقع کے پی ٹی گراؤنڈ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مرکز  میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 16 خواتین زخمی اور کئی بے ہوش ہوگئیں۔

زخمی خواتین کو ریسکیو کرنے کے لیے متعدد ایمبولینس روانہ کی گئیں،زخمی خواتین کو ہسپتال منتقل کیا گیا،ایک زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔

کے پی ٹی اسکول میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کیمپ لگا تھا، جس کے باہر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی،اسکول کا گیٹ کھلا تو اندر جانے کے لیے بھگدڑ مچ گئی۔ایک متاثرہ خاتون نے بتایا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہمیں پیسے دینے بلایا گیا تھا۔

دوسری جانب ایس پی بلدیہ مغیز ہاشمی کا کہنا ہے کہ سول ہسپتال میں 20 خواتین پہنچی ہیں، 16 خواتین زخمی اور بیہوش ہوئی تھیں، دیگر 4 خواتین  زخمی خواتین کے ہمراہ طبی امداد کے لیے ہسپتال گئی تھیں۔اسکول میں جگہ کم ہونے سے وقفےوقفے سےلوگوں کو بھیجاجارہا تھا،گیٹ کھلا تو بھگڈر مچ گئی،گیٹ پر لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی،گیٹ کھلنے پرسکول کی ڈھلان تھی،جس سے خواتین گر گئیں۔