برلن (امت نیوز) اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستان نے ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا جس کے بعد پاکستان کے گولڈ میڈلز کی تعداد 10ہوگئی ہے. پاکستان کے سفیر عابد نے سائیکلنگ ایونٹ کی 10کلومیٹر دوڑ میں گولڈ میڈل اپنے نام کرلیاجبکہ خواتین سائیکلنگ میں پاکستان کی مدیحہ طاہر نے چاندی کا تمغہ جیتا،اس سے قبل پاکستان کے محمد لقمان نے اسپیشل ورلڈ گیمز کی 100میٹر ریس میں گولڈ میڈل حاصل کیا، محمد لقمان نے 100میٹر ریس کافاصلہ15.21سیکنڈز میں مکمل کیا،اس کے علاوہ انہوں نے لانگ جمپ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ؛سلور میڈل اپنے نام کیا.
پاکستان کے میر واعظ نے 3000میٹر ریس میں سلور میڈل جیتا، انہوں نے فاصلہ 10منٹ اور 11 سیکنڈ میں مکمل کیا،پاورلفٹنگ میں حبیب اللہ نے 83کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں ڈیڈ لفٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ، انہوں نے اسکواٹ، بینچ پریس اور کمبائنڈ ویٹ میں بھی سلور میڈلز اپنے نام کیے،فیلڈ ہاکی کے مکس ایونٹ میں پاکستان نے برونز میڈل جیتا، تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے پیراگوئے کو 2کے مقابلے میں 3گول سے شکست دی.
سوئمنگ کی 50میٹر فری سٹائل میں پاکستان کے حسن پٹیل نے برونز میڈل جیت لیا جبکہ ٹینس ایونٹ کے ویمنز سنگل ایونٹ میں پاکستان کی سعدیہ جنید نے سلور میڈل جیتا،باسکٹ بال ایونٹ میں پاکستان یونیفائیڈ مینز نے پاکستان یونیفائیڈ مکس کو شکست دے کر برونز میڈل اپنے نام کرلیا،سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں سپیشل اولمپکس پاکستان (SOP)نے 87کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا ہے جن میں 33خواتین اور 54مرد شامل ہیں، تمام کھلاڑی 11کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔