آئی ایم ایف کا پول آج کل میں کھولنے والا ہوں، شاہ محمود قریشی

لاہور(اُمت نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جناح ہاؤس حملے سیمت تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کر دی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن حصول اقتدار کے لیے دبئی میں بیٹھے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر شاہ محمود قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ محمود قریشی کو بے بنیاد مقدمات میں شامل کیا گیا، وہ اپنے خلاف مقدمات میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے تفتیش میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ ان کی ضمانت منظور کی جائے،عدالت نے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں سات جولائی تک توسیع کر دی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج یا کل میں آئی ایم ایف کا پول کھولنے والا ہوں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو گھٹنے ٹیکنے پڑے، جو بجٹ پاس ہوا اس کو سب نے دیکھا ہے، پاکستان کا شہری پوچھ رہا ہے کیا میرے معاشی حالات کی کوئی بات کررہا ہے، تحریک انصاف کی کوشش ہے وہ مستقبل کی بات کرے، جیل سے جب سے رہا ہوا ہوں شخصیات پر بات نہیں کررہا۔
پاکستانی سیاسی قیادت کی دبئی میں موجودگی پر انھوں نے کہا کہ آجکل دبئی کی بیٹھک کے بڑے چرچے ہیں، وزارت عظمیٰ کے لئے بھاگ دوڑ کی جارہی ہے، بلاول بھٹو اور مریم نواز وزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار ہیں۔
بھارتی الزامات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم کے بیان پر کسی نے اس کو جواب نہیں دیا، نریندر مودی کہتا ہے پاکستان اپنی موت آپ مررہا ہے، افسوس وزیراعظم پاکستان اس بیان پر خاموش ہیں۔