زیارت کے علاقے مانگی میں ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی گاڑی پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا، فائرنگ سے ڈی سی محمد عارف زرقون اور دیگر اہلکار محفوظ رہے۔
شر پسندوں نے علاقے سے گزرنے والے 6 کوئلے کے ٹرکوں کو بھی آگ لگا دی، واقعے کے خلاف تاجر تنظیموں نے احتجاجاً کوئٹہ ہرنائی شاہراہ آمد و رفت کے لیے بند کر دی۔
لیویز حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع ہرنائی محمد عارف کوئٹہ سے ہرنائی آ رہے تھے کہ زیارت کے علاقے مانگی سے گزرتے ہوئے نامعلوم شر پسند افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔شر پسندوں نے علاقے سے گزرنے والے کوئلے کے 6 ٹرکوں کو بھی آگ لگا دی۔
واقعے کے خلاف تاجر تنظیموں اور کول مائنز مالکان نے احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ ہرنائی قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی۔ضلع ہرنائی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کرتے ہوئے بازار مکمل طور پر بند کر دیے گئے۔
لیویز حکام کے مطابق مسلح شر پسندوں کے خلاف ہرنائی اور زیارت میں مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔