فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوجی عدالتیں کیس، جسٹس یحییٰ آفریدی کا بھی فل کورٹ بنچ تشکیل دینے کا مطالبہ

اسلام آباد: فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف کیس میں جسٹس منصورعلی شاہ کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی فل کورٹ بنچ تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق 23جون کی عدالتی کارروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا، تحریری حکمنامہ میں جسٹس یحییٰ آفریدی کا نوٹ بھی شامل ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے نوٹ میں کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان فل کورٹ بنچ تشکیل دیں، نظام عدل کی ساکھ کی عمارت عوامی اعتماد پر کھڑی ہے،موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے کو ہے، اس وقت ملک میں انتخابات کیلیے سیاسی ماحول کا منظر نامہ چارج ہے۔

نوٹ میں مزید کہا گیاہے کہ ایسے سیاسی چارج ماحول میں موجودہ عدالتی بنچ کے خلاف اعتراض کیا جا سکتا ہے، کیس سننے والے بنچ میں موجود ججز کے تحریری اعتراضات انتہائی سنجیدہ ، نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، ایک سینئر جج کے اعتراض پراس وقت  مناسب نہیں ہے کہ رائے دوں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ سینئر جج کے اعتراض ہم آہنگی، عوامی اعتماد کی بحالی کیلیے مناسب اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں،پہلا قدم یہ ہونا چاہیے فل کورٹ بنچ تشکیل دیا جائے۔