اغوا کے مقدمات میں مطلوب دو خطرناک اشتہاری متحدہ امارات سے گرفتار

لاہور: پنجاب پولیس نے اغوا کے مقدمات میں مطلوب دو خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا۔خاتون سمیت دونوں ملزمان کو بذریعہ فلائٹ آج لاہور ایئر پورٹ پہنچایا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملزم حادق الرحمن کو چار روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم نے 2ہفتے قبل فیصل آباد کے رہائشی کو 50 لاکھ تاوان کیلئے اغوا کروایا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے متحدہ عرب امارات میں بیٹھ کر امریکا کے واٹس ایپ نمبر سے واردات کی پلاننگ کی اور پاکستان میں موجود ساتھیوں کی مدد سے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا موبائل برآمد کرلیا گیا ، ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کر لیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمہ پروین اختر خاتون کے اغوا کے مقدمہ میں پنجاب پولیس کو 2009 سے مطلوب تھی۔