سندھ میں بغیر اجازت کھالیں جمع کرنے پر پابندی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ پر بغیر اجازت کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کردی، محکمہ داخلہ نے صوبے میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کردیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے اور لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی، اسلحہ لیکر چلنے کے اجازت نامے 3 روز کیلئے منسوخ کئے جاچکے۔

ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں عیدالاضحی کے حوالے سے کراچی ٹینرایسوسی ایشن کے وفد کی ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص سے ملاقات۔اس موقع پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ پرمٹ اورضابطہ اخلاق کی پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص نے کہاکہ قربانی کی کھالوں کی ترسیل کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔ کسی کو بھی جبراً کھالیں جمع کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ فرقہ واریت میں ملوث فورتھ شیڈول میں شامل کسی بھی جماعت یا شخص جن کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں۔

ادھر پاک فضائیہ نے پیغام جاری کیا ہےکہ عید پر جانوروں کی انتڑیاں، اوجھڑیاں پرندوں کو راغب کرتی ہیں، یہ پرندے جہاز سے ٹکراکر تباہی کا باعث بن سکتے ہیں، عوام جانوروں کی باقیات مخصوص کردہ جگہوں پر پھینکیں۔