بولان اورکوہستان حادثات : 2 گاڑیاں کھائی میں گرگئیں، 15 افراد جاں بحق

اسلام آباد (امت نیوز) بولان اور کوہستان میں دو گاڑیاں کھائی میں گر گئیں ، 15 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بولان میں ایک خاندان کے 9 افراد اور کوہستان میں 6 افراد حادثات کی نذر ہوئے۔ بلوچستان کے ضلع بولان میں پنجرہ پل کے مقام پر ڈاٹسن کھائی میں گر گئی۔ محمد بچل ہانبھی بیوی،بیٹا اوربیٹی سمیت جاں بحق ہوگیا۔ اس خاندان کے 9 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

سبی کے معروف ٹھیکیدار محمد سچل ہانبھی کے بھائی محمد بچل ہانبھی اپنی فیملی کے ہمراہ عید منانے ڈاٹسن میں سبی سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ بولان قومی شاہراہ این اے 65 پرگاڑی تیزرفتاری کے باعث ڈرائیورسے بے قابو ہوکرپنجرہ پل کے مقام پر گہری کھائی میں جاگری ۔جاں بحق ہونے والوں میں حاجی منیر ولد سچل خان،حاجی بچل ولد میوہ خان، بیٹی حاجی راجہ،حاجی بچل،بیوی حمیدہ بی بی، نوربی بی اورزخمیوں میں محبوب علی،ذبیدہ بی بی،ریاض احمد،شازین، دو سالہ سمیرین شامل ہیں۔گزشتہ سال کی طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلے نے بولان قومی شاہراہ این اے 65 کو مختلف مقامات سے مکمل طورپرتباہ کردیا تھا اورپنجرہ پل کو صفحہ ہستی ختم کردیا تھا جسکی وجہ پنجرہ پل کے مقام پر آئے روزحادثے رونما ہونے کے باعث کئی حادثات پیش آچکے ہیں۔

دریں اثنا خیبر پی کے کے ضلع کوہستان میں جیپ کھائی میں گرنے سے خاتون اور بچے سمیت 6 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ڈی پی او کوہستان مختار خان کے مطابق جیپ کولئی سے پالس جا رہی تھی اس دوران ہلال ڈیرہ کے مقام پر گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔