اسلام آباد: کیپٹل ٹریفک کی قانون شکنوں کے خلاف کارروائیاں

اسلام آباد( اسٹاف رپورٹر ) کیپیٹل پولیس کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے قانون شکنوں کیخلاف موثر کارروائیاں،سنگین خلاف ورزیوں پر رواں سال کے دوران 123 قانون شکنوں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل،جبکہ 142 پبلک سروس گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کیئے گئے،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے اب تک مختلف خلاف ورزیوں پرہزاروں چالان ٹکٹس جاری کئے، جن میں اووسپیڈنگ، ریڈسگنل، لین کی خلاف ورزی، سگنل کی خلاف ورزی،زیبرا کراسنگ اور روڈ کی غلط سمت میں گاڑی چلانے کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

اس سلسلے میں رواں سال کے دوران ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ڈرائیونگ لائسنس پر درج 10پوائنٹس کٹنے کی بنیاد پر 123ڈرائیونگ لائسنس معطل جبکہ 142 پی ایس وی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دئیے گئے، معطل کیے جانے والوں میں اسلام آباد اور دیگر اضلاع کے ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں، اسلام آبادکیپیٹل پولیس کی تشکیل دی گئی ٹیمیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کرنے والے ڈرائیورز کے درج شدہ ایڈریس پر چالان ٹکٹس کی تکمیل کو یقینی بنارہی ہیں تاکہ شہرمیں مربوط ٹریفک نظام کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے،اس حوالے سے 107 قانون شکنوں کو ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر قانونی نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں،جسکا جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائیگا۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ لنک ڈیٹا کی مدد سے ای چالان سسٹم کی موثر حکمت عملی کی وجہ سے مہلک حادثات اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جر مانے کی رقم مقرر وقت پر ادا نہ کر نے پر چالان کی کاپی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی مدد سے گاڑی کی ماسٹر فائل میں چسپاں کی جا رہی ہے اور اس امر کو یقینی بنایا گیا ہے کہ چالان کی زد میں آنے والے مالکان جب تک جرمانے کی رقم ادا نہیں کریں گے اس وقت تک گاڑی یا موٹر سائیکل کسی دوسر ے شخص کے نام منتقل نہیں کر سکیں گے جبکہ جرمانے کی رقم ادا کرنے کے لئے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے مختلف موبائل اور بینک اکاؤنٹ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسراسلام آباد نے کہا کہ سیف سٹی ای چالان سسٹم سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں اورای چالان سسٹم کے تحت بہترین مانیٹرنگ کے باعث مہلک حادثات اوردیگرقوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے کئے جانے والے ای چالان کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے مزید بہتر اور موثر بنایا جارہا ہے،شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور شہر میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھنا اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔