منافع خوروں نے خشک اورہرے مصالحے کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عید الاضحی سے قبل مصالحہ جات اورادرک، لہسن،سبز مرچ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا،عید الاضحی پرمنافع خوروں نے حکومت سندھ کی جانب سے پرائس کنٹرول کیلئے اقدامات نہ کیے جانے جبکہ سرکاری افسران کے چھٹیوں پرچلے جانے کا خوب فائدہ اٹھایا اورعید قرباں سے پہلے گرم مصالحہ جات اورہرے مصالحے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا ہے۔

کراچی میں ادرک کی فی کلو قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ادرک کی فی کلو قیمت 800 سے بڑھکر1000 روپے تک پہنچ گئی،لہسن کی قیمت میں بھی 50 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے، لہسن کی فی کلو 350 سے بڑھ کر400 روپے ہوگئی۔اسی طرح سبزمرچ کی قیمت 200 سے بڑھکر250 روپے فی کلو اورہرا دھنیا کی گڈی 30 سے 50 روپے جبکہ پودینہ کی گڈی بھی 50 روپے کی ہوگئی،گرم مصالحہ جات میں زیرہ،جویتری،کالی مرچ،کباب چینی،بڑی الائچی،لونگ سمیت دیگراشیاء کی قیمتوں میں 200 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی میں ایک پاؤ سفید زیرہ 625 روپے،لونگ ایک پاؤ کے نرخ 600 روپے سے تجاوزکرگئے،علاوہ ازیں عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی کچھ نئے پرانے کاروبار چمک اٹھے،باربی کیو کا سامان،رانین روسٹ کرانے،چھریوں کی دکانیں،ان پردھارلگانے والے کاریگروں،سجاوٹ کا سامان، جست کی انگیٹھیاں،کوئلے،لکڑی کی مڈیاں،گھنگھرو اورکباب کی سیخوں کے کاروبارچمک اٹھے ہیں،گوشت کی تیاری کیلئے چٹائیوں کی دکانوں پربھی خریداروں کا رش ہے،ٹوکریوں اورشاپنگ بیگزکے دام اورڈیمانڈ بڑھ چکی ہے،مختلف ہوٹلوں اور دیگرمقامات پربکرے کی رانوں کو روسٹ کرنیکا خاص انتظام کیا گیا ہے۔