اسلام آباد (امت نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے واقعے پر افسردہ اور صدمے میں ہوں، یہ حرکت دنیا بھر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے لیے کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سویڈن میں مسجد کے سامنے قرآن پاک کو سرعام نذر آتش کرنے کے واقعے پر افسردہ اور صدمے میں ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام و فوبیا کے یہ گھناؤنے واقعات بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، میرے پاس اس اسلام مخالف فعل کی مذمت کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں، جس کا واضح مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ قرآن کریم پوری انسانیت کے لئے محبت، امن اور حکمت کی الہامی کتاب ہے، اس قابل مذمت فعل میں ملوث گمراہ کردار نے درحقیقت انسانیت کی مشترکہ اقدار کی توہین کی ہے۔