لاہور (اُمت نیوز) عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور، اسلام آباد، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے مختلف مقامات پر عید کے دوسرے روز بھی صبح سے ہی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے جا رہے ہیں۔
قصابوں نے نخرے دکھانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا، جانور قربان کرنے کیلئے منہ مانگے دام وصول کرنے لگے۔
دوسری جانب کل کے مہمان آج بنیں گے میزبان، عید کے دوسرے روز بھی گھروں میں مزیدار پکوان تیار ہوں گے، شہریوں کی جانب سے ناشتے کے بعد دوپہر کے کھانے کی تیاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے
عید کے پہلے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد خواتین نے کچن کا ہولڈ سنبھالا، مزے مزے کے کھانے بنائے، کسی نے نہاری، کلیجی بنائی تو کہیں قورمہ اور گوشت پکایا گیا، جہاں گھروں میں لذیز کھانے بنتے رہے وہیں پیارے جانور قربان ہونے پر بچے افسرہ دکھائی دیئے۔
دوسری جانب قربانی کے بعد کہیں آلائشیں بروقت اٹھائی جا رہی ہیں تو کہیں رہائشی علاقوں اور سڑکوں پر آلائشیں پڑے رہنے کے باعث تعفن پیدا ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔
ادھر عید کے موقع پر تفریح گاہوں اور سیاحتی مقامات پر بھی عوام کا رش لگ گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے مری، گلیات اور شمالی علاقوں کا رخ کر لیا ہے۔
عید کے دوسرے روز شہری بچوں کو لے کر پارکوں میں پہنچ گئے ہیں، اسلام آباد اور شمالی علاقوں میں بارش کے بعد موسم مزید خوشگوار ہوگیا ہے۔