ٹنڈوآدم کے قریب جعلی پیر نے بیمار شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بکرے کا خون پلادیا، بکرے کا خون پی کر نوجوان نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی ۔
تعلقہ تھانہ ٹنڈوآدم کی حدود گوٹھ مانک تھیم کے رہائشی نوجوان عاشق علی ولد علی گل تھیم کی طبعیت خراب ہونے پر اس کے گھر والے دعا کے لیے ٹنڈوآدم کے قریب درگاہ ہاشم شاہ کے گدی نشین پیر شاہ کے پاس لے گئے، جو خود کو بھوپا بھی کہلاتا ہے۔
بھوپے پیر نے کہا کہ نوجوان عاشق علی پر جن ہے اور جن خون پیے گا، فوری بکرا لے آؤ ۔بھوپے پیر نے بکرا کٹوا کر اس کا خون نوجوان عاشق علی کو پلا دیا۔بکرے کا خون پینے کے بعد نوجوان کی طبیعت بگڑ گئی اور اس نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔
عاشق علی تھیم کے ورثا نے بھوپے پیر پر نوجوان کے قتل کا الزام عائد کیا اور باگو ودادانی پولیس پوسٹ پر بھوپے پیر پر این سی داخل کروا دی۔ورثا نے تعلقہ تھانے سے میڈیکل لیٹر لے کر لاش کا تعلقہ اسپتال سے پوسٹ مارٹم کروایا۔