اسلام آباد: حکومت کی جانب سے شدید مخالفت کی وجہ سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ کی تاحیات مراعات کا بِل واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے متعقلہ سینیٹرز کو بِل واپس لینے کی ہدایات تجاری کردیں۔ صادق سنجرانی نجی بل کو فنانس بِل کے ساتھ منظور کروانا چاہتے تھے۔
گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں چیئرمین سینیٹ کی مراعات سے متعلق بِل کی حکومتی وزرا نے شدید مخالفت کی تھی۔ حکومتی وزرا کے ردِ عمل کے بعد صادق سنجرانی کی طرف سے بل واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ کی تاحیات مراعات کے بِل کے مطابق چیئرمین سمیت ان کے اہلخانہ کو بھی نجی علاج کی سہولت حاصل ہونی تھی جبکہ چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ کا کرایہ بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ کیا جانا تھا۔
نئے قانون کے مطابق چیئرمین سینیٹ بیرون ملک سفر میں خاندان کا ایک رکن ساتھ لے جا سکتے تھے جبکہ چیئرمین سرکاری جہاز میں بھی خاندان کے 4 افراد کو ساتھ لے جا سکتے تھے۔ اسی کے ساتھ چیئرمین کے اہلخانہ بھی سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے کے حقدار تھے۔
ان مراعات میں تمام سابق چیئرمین سینیٹ کو تاحیات اضافی مراعات ملنا تھیں جبکہ تین برس تک چیئرمین رہنے والے افراد بھی اضافی مراعات کے حقدار تھے۔