پی آئی اے بعد از حج آپریشن شروع ، تیرہ سو حجاج وطن پہنچ گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے بعد از حج آپریشن شروع ، تیرہ سو حجاج وطن لائے گئے ۔ ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کے پہلے روز اتوار کو 1300 سے زائد حجاج کرام کو سعودی عرب سے وطن واپس پہنچایا گیا ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلے دن پی آئی اے کی پروازوں سے جدہ سے کراچی 377 حجاج، اسلام آباد 392، لاہور 323 حجاج اور پشاور 276 حجاج پہنچے ۔کراچی ائیرپورٹ پر حجاج کرام کو گورنر سندھ جناب کامران تیسوری اور پی آئی اے ائیرپورٹ مینیجر جاوید پہچوہو اور پیسنجر ہینڈلنگ سروسز کے افسران نے استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی۔
لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے سٹیشن مینیجر علی عباس شاہ، ائیرپورٹ حکام اور دیگر ائرلاین انتظامیہ نے حجاج کا استقبال کیا۔اسلام آباد ائیرپورٹ پر وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ مسافروں کے ہمراہ جدہ سے تشریف لائے۔ انہوں نے خود مسافروں کا پاکستان میں استقبال کیا۔ جبکہ پی آئی اے کی پشاور آنے والی حج پرواز کے حجاج کا پی آئی اے اور ائیرپورٹ انتظامیہ نے استقبال کیا ۔تمام ائیرپورٹس پر پی آئی اے کی جانب سے پھولوں کے ہار پیش کئے گئے ۔ پی آئی اے 268 پروازوں کے ذریعے سے 61،467 حجاج کو وطن واپس پہنچاے گا ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ بعد از حج پروازوں کے ذریعے سے تقریبا 41 ہزار سرکاری حجاج، 19 ہزار پرائیوٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ سے وطن واپس لاۓ جائیں گے ۔پی آئی اے کی بعد از حج پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور براہ راست پہنچیں گی۔پی آئی اے نے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی وطن واپس روانگی کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ پی آئی اے کی خصوصی حج ٹیمیں جدہ و مدینہ ائر پورٹس پر حجاج کی رہنمائی کے لئے موجود ہیں۔واضح رہے کہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا۔