کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر سے 1 لاکھ 13 ہزار 35 ٹن آلائشیں اُٹھائی گئیں، عملے نے دن رات کام کیا، متحد ہوکر مسائل حل کرسکتے ہیں، بارشوں میں بھی اسی جذبے سے کام کریں گے۔
کلفٹن پارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال اسکاوٹس نے بھی ہماری مدد کی، کہیں آلائشوں پر قبضہ کیا گیا، یہ وہ لوگ تھے جو چھریوں سے آلائشیں پھاڑ رہے تھے، ہم نے فوری 115 افراد کو گرفتار کروایا، کچھ لوگوں نے کچرے پر بیٹھ کر ویڈیو اور سیلفیاں بنوائیں اور ٹوئٹ کیں، پھر جب وہ جگہ صاف ہوگئی تو وکٹری کا نشان بنا کر تصاویر بنوائیں، اگلا چیلنج مون سون بارش ہے، عملہ موجود ہوگا، نالے صاف کرے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ سنجیدگی سے مسائل حل کررہے ہیں، تحریک انصاف کے جس عہدیدار نے چیئرمینز کو نکالا، وہ خود روپوش ہیں، انہوں نے کہا کہ میں ابھی تک واٹر بورڈ کا چیئرمین نہیں ہوں، فائل گورنر کے پاس ہے، قانون بن جائے گا تو پانی کا معاملہ بھی دیکھوں گا۔