اسمبلیاں 13اگست سے پہلے ٹوٹ سکتی ہیں،منظور وسان

خیرپور(امت نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما،وزیراعلی سندھ کے مشیرزراعت منظور حسین وسان نے نئی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے اسمبلیاں 13اگست سے پہلے ٹوٹ جائیں،انتخابات اکتوبر کے بجائے نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہیں،انتخابات سے قبل بڑے بڑے بت ٹوٹیں گے،عمران اور بشریٰ بی بی کی راہیں جدا ہو سکتی ہیں، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں علیحدہ علیحدہ انتخابات میں حصہ لیں گی۔ اصل مقابلہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون کے درمیان ہوگا،ہم بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔

وسان ہاوس خیرپور میں علاقے کے معززین، شہریوں اور پارٹی کار کنوں سے خطاب کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن اکتوبر کے بجائے نومبر کے پہلے ہفتہ میں ہوں گے اور اسمبلیاں 13 اگست سے قبل ٹوٹ سکتی ہیں کیونکہ اکتوبر میں شدید گرمی ہوگی، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے بعض نشستوں پر سیٹ ایڈجسمنٹ ہوجائے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وسان نے کہا کہ انہوں نے اپنا مستقبل اپنے ہاتھوں سے تباہ کیا،یو ٹرن اتنے لئے کہ اب وہ یو ٹرن بن گئے ہیں۔