دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، فائل فوٹو
دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، فائل فوٹو

مون سون کا نیا سپیل ،آج سے 8جولائی تک بارشوں کا امکان

اسلام آباد(امت نیوز) محکمہ موسمیات نےمون سون بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، 3 سے 8 جولائی تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو گا، بحیرہ عرب میں مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے،این ایچ اے،ضلعی انتظامیہ اور ریسیکو اداروں کو مراسلہ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 3 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون بارشوں کے سلسلے کے تحت 8 جولائی تک لاہور سمیت شمالی پنجاب کے بیشتر علاقوں راولپنڈی،اسلام آباد،اٹک ،گوجرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ ،نارووال ،ظفروال، نارنگ منڈی،جہلم کھاریاں،پنڈی گھیپ،کلرسیداں،چکوال،میانوالی،حافظ آباد ،منڈی بہائوالدین ،قصور ،ڈسکہ ،چنیوٹ ،شیخوپورہ،سرگودھا ،تلہ گنگ اورچکوال میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔7 اور 8 جولائی کو کراچی ،سکھر، جیک آباد، ٹھٹھہ، عمر کوٹ حیدرآباد میں بھی بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے 4 سے 7 جولائی تک راولپنڈی، اسلام آباد میں اربن فلڈنگ اور کشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، مزید برآں 6 سے 8 جولائی کو موسلا دھار بارش سے ڈی آئی خان میں سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سیاحوں کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ صوابی،ہری پور اور نوشہرہ کو الرٹ جاری کردیا ۔تربیلا میں پانی کا بہاؤ 5 سے 6 گھنٹے تک 250,000 کیوسک رہنے کا امکان ،سیاحوں اور مقامی لوگوں کو دریا سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔صوابی اورملحقہ علاقوں میں عوامی آگہی کیلئے مساجد میں اعلانات ،انڈس ڈاؤن سٹریم کے قریب رہنے والے لوگ محتاط رہیں۔علاوہ ازیں تربیلا ڈیم کا سپل وے ایک گھنٹہ کھلا رکھنے کے بعد دوبارہ بند کر دیا گیا۔