لاہور (اُمت نیوز) پاکستانی سکھ کمیونٹی کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
سکھ شرکاءِ وفد نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ جناح ہاؤس میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
سکھ کمیونٹی کے وفد کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی رنجیدہ کر دینے والا واقعہ ہے، یہ کون تھے جو اپنے ہی گھر کو آگ لگا گئے؟ پاکستان کا پرچم جلایا، قائدِاعظم کی تصاویر نذرِ آتش کرنے کیساتھ ساتھ مقدس مسجد کو بھی نہ چھوڑا۔
شرکاءِ وفد نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کر کے مسمار کرنے والے اور لواحقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے کبھی بھی محبِ وطن نہیں ہو سکتے۔
سکھ کمیونٹی کے وفد نے مطالبہ کیا کہ جناح ہاؤس کو جلانے، شہداء کی یادگاروں کو توڑنے اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کو کڑی سزائیں دے کر عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسا سانحہ رونما نہ ہو۔