وزیرآباد(اُمت نیوز)علی پور چٹھہ میں عید کے روز تہرے قتل کی واردات کا مرکزی ملزم نعمان پولیس کی گرفت میں آگیا۔
عیدالاضحیٰ کے پہلے روز 29 جون کو وزیرآباد کے تھانہ علی پور چٹھہ میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں اور ان کے بیٹے کو قتل کردیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ نواحی گاؤں برج تاشہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کا قاتل گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم نعمان حیدر نے اعتراف جرم کرلیا ہے، ملزم نے کچھ عرصہ قبل جائیداد کی لالچ میں اپنے والد کو بھی قتل کیا تھا، اور اس نے اس نے افتخار چٹھہ، اس کے بیٹے سعد اور بھائی منور کو والد کے مقدمے میں پیش ہونے کی رنجش پر قتل کیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا تھا کہ تینوں مقتولین کو ملزم نعمان حیدر چٹھہ نے نماز عید کے بعد ڈیرے پر بلا کر بے دردی سے قتل کیا۔
ملزم نعمان حیدر اپنی موٹر سائیکل پر منور چٹھہ کو ڈیرے پر لایا، جبکہ اس کے بھائی افتخار چٹھہ کو پہلے ہی ڈیرے پر بلا یا ہوا تھا، ملزم نے دونوں بھائیوں کو یکے بعد دیگرے فائرنگ کر کے قتل کیا، فائرنگ کی آواز سن کرافتخار چٹھہ کا بیٹا سعد چٹھہ ڈیرے پر پہنچا تو ملزم نے اس پر بھی گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقتول سعد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کر رکھا تھا اور کچھ ہی عرصہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر چارج لینے والا تھا۔