اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اُمید کا نیا سورج طلوع اور ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 2231 پوائنٹس کے غیرمعمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کے آغاز اور نیا ریکارڈ قائم ہونے قوم اور کاروباری برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلسل محنت اور درست پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ قائد محمد نوازشریف نے معاشی ترقی، مہنگائی میں کمی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا، وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے ۔ الحمدللہ! ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے ۔ شدید مایوسیوں کے بعد اُمید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے۔قوم کو مبارک ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے اور 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد تیزی سے بحال ہو رہا ہے ۔ خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے ۔
ان کا مزید کہناتھا کہپاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہوگئے ہیں، پرخلوص محنت، دیانت داری اور سچائی ثمر لا رہی ہے ۔ قائد محمد نوازشریف کے تعمیر، ترقی اور عوام کی خوش حالی کے وژن پر ایک بار پھر عمل پیرا ہیں ۔