سنبھل (نیٹ نیوز)شادی کی آخری رسومات کے دوران دلہن کی جانب سے تقریب میں آئے مہمانوں کو ’فلائنگ کِس‘ دور سے بوسہ دینے پر دلہا نے غصے میں آکر شادی سے ہی انکار کردیا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں دلہا نے اس وقت شادی سے انکار کردیا جب ان کی دلہن نے تقریب میں آئے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے دوران دور سے انہیں بوسہ دیے۔
رپورٹ کے مطابق دلہا اور اس کے خاندان والوں نے دلہن کی والدہ پر بھی الزامات لگائے اور دعویٰ کیا کہ ماں اور بیٹی کی غلیظ حرکتوں کی وجہ سے شادی سے انکار کرنا پڑا۔ دلہا نے دعویٰ کیا کہ ان کی ساس نے بھی نشے کی حالت میں سگریٹ پی کر دھوئیں کو تقریب میں آنے والے مہمانوں کے منہ پر پھینکا۔ دلہے کے اہل خانہ کے مطابق دلہن نے مہمانوں کو دور سے بوسے دیے جب کہ ان کی ماں نے مہمانوں کے چہروں پر سگریٹ کے دھنویں پھونکے۔
دلہا اور اس کے خاندان کے مطابق دلہن اور اس کی والدہ کی جانب سے کی گئی حرکت کی وجہ سے انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، جس وجہ سے انہوں نے شادی سے انکار کیا۔ دوسری جانب دلہن اور اس کی والدہ کا بیان سامنے نہیں آیا۔
اسی طرح گزشتہ ہفتے بھی اتر پردیش کے اسی ہی ضلع میں دلہن نے اس وقت شادی سے انکار کردیا تھا جب دلہے نے انہیں شادی کی تقریبات میں مہمانوں کے سامنے بوسہ دیا تھا۔ دلہن نے دعویٰ کیا تھا کہ دلہے نے انہیں محبت میں نہیں بلکہ دوستوں کے ساتھ لگائی گئی شرط کے تحت بوسہ دیا، جس وجہ سے انہوں نے شادی سے انکار کیا۔
دلہن نے دعویٰ کیا تھا کہ دلہے نے دوستوں سے شرط لگائی تھی کہ وہ نئی نویلی دلین کو شادی کے منڈپ میں ہی سب مہمانوں کے سامنے بوسہ دے گا۔ دلہن کا کہنا تھا کہ دلہے کے عمل سے انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، اس لیے انہوں نے شادی سے انکار کیا۔ بھارت میں شادی کی تقریبات کے موقع پر عین وقت میں دلہا یا دلہن کی جانب سے چھوٹی موٹی وجوہات کی بنا پر شادی سے انکار کی خبریں آتی رہتی ہیں۔