پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پربت میں پھنس گئے

لاہور(امت نیوز) پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پربت میں پھنس گئے۔ پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما 45 سالہ آصف بھٹی نانگا پربت کیمپ فور میں پھنس گئے، وہ 8126 میٹر بلند قاتل پہاڑ نانگا پربت مہم جوئی کے دوران 26 ہزار میٹر بلندی پر واقع کیمپ فور میں سنو بلائیڈنس کا شکار ہوکر پھنس گئے۔

کوہ پیما آصف بھٹی کو ریسکیو کرنے کے لیے آرمی ایوی ایشن سے مدد طلب کرلی گئی اور ہیلی مشن شروع کردیا گیا، تاہم رات ہونے کے بعد آپریشن موخر کردیا گیا، کیوں کہ ہیلی کاپٹر 8 ہزار میٹر کی بلندی پر نہیں جاسکتا۔

دوسری جانب ”الپائن کلب آف پاکستان“ کے جنرل سیکرٹری کرار حیدری کے مطابق آصف بھٹی اس سے قبل 8047 میٹر بلند چوٹی براڈ پیک پر بھی مہم جوئی کرچکے ہیں، تاہم انھیں کامیابی نہیں ملی۔

الپائن کلب کے مطابق ڈاکٹر آصف بھٹی خیریت سے ہیں، تاہم آنکھوں کی بینائی متاثر ہونے کی وجہ سے مہم جوئی روک دی گئی ہے، کچھ نیپالی کوہ پیما آصف کو 6 ہزار میٹر تک لائیں گے اور انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نانگا پربت دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہے اور اسے قاتل پہاڑ بھی کہا جاتا ہے۔