نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا فیصلہ متوقع

سعودی عرب(اُمت نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف دبئی سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی سینئیر نائب صدر اور پارٹی آرگنائزر مریم نواز بھی ان کے ساتھ ہیں۔
ذرائع کے مطابق شریف فیملی دو ہفتے سعودی عرب میں قیام کرے گی، نواز شریف اور مریم نواز چند دن میں عمرہ بھی ادا کریں گے۔
سعودی عرب میں نواز شریف شاہی خاندان سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے کئی وفود نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا فیصلہ سعودی عرب میں ہوگا، اور نواز شریف کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔
ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی پروگرام فیصلہ آپ کا میں گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف الیکشن سے پہلے وطن واپس آجائیں گے۔
ملکی معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب اور امارات سے سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں نواز شریف فیملی ممبران کے ساتھ سرور پیلس میں قیام کریں گے۔