جنین(اُمت نیوز)اسرائیلی فورسز کی جانب سے 24 گھنٹے قبل بڑا آپریشن شروع کیا گیا۔ مغربی کنارے میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ سے ہزاروں فلسطینیوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کردی۔ کیمپ چھوڑنے والے افراد کا کہنا ہے کہ زندگیاں بچانے کیلئے محفوظ مقامات کا رُخ کررہے ہیں۔
فلسطینی ہلال احمر کے ایمرجنسی سروسز گروپ کا کہنا ہے کہ شہر کے گنجان آباد علاقے سے تین ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
جنین کے ڈپٹی گورنر کمال ابو الروب نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ اب تک تقریبا تین ہزار افراد کیمپ چھوڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں تقریبا 18,000 فلسطینی رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ پیر کو غرب اردن یا مغربی کنارے میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ پراسرائیلی فضائیہ نے بڑا فضائی حملہ کیا تھا جس میں 9 فلسطینی شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔
بیس برسوں کے دوران غرب اردن میں اسرائیل کا یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی اسرائیل کی جانب سے ”جدید فوجی ہتھیاروں“ کے استعمال پر تنقید کی تھی۔
اقوام متحدہ کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی جنین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی پُرزور مذمت کی ہے۔