کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں پڑوسی کے ہاتھوں شادی شدہ خاتون کے اغوا کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئی جی پولیس کو ایک ہفتے میں خاتون کو بازیاب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کو 10 مئی کو پڑوسی عامر نے اغوا کیا، مقدمہ درج ہونے پرعامر کے والد نے دو دن میں خاتون کو پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
وکیل درخواست گزار لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس اغوا کار کے والد سے رابطے کے بعد خاتون کو بازیاب نہیں کررہی، پولیس بازیابی کیلیے میرے موکل سے پانچ لاکھ روپے مانگ رہی ہے۔
وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ پولیس کہتی ہے لڑکی لاڑکانہ میں ہے، لانے کیلیے خرچہ ہوگا، ملزم عامر کا والد پولیس اہلکار ہے اس لیے پولیس کارروائی نہیں کررہی۔
درخواست گزار وکیل کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے میں خاتون کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کریں۔