اسلام آباد: قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں میں اضافے کا آرڈر جاری کر دیا۔
ترجمان وزارت قانون کے مطابق بنیادی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 12 لاکھ 29 ہزار 189 روپے ماہانہ ہوگی۔
2022 کے آرڈر کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 10 لاکھ 24ہزار 324روپے تھی جبکہ چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ میں دو لاکھ چار ہزار 865روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے ماہانہ ہوگی، آرڈر 2022 کے تحت سپریم کورٹ کے ایک جج کی تنخواہ 9لاکھ 67ہزار 636روپے تھی۔
سپریم کورٹ کے ایک جج کی تنخواہ میں ایک لاکھ 93ہزار 527 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے ججز کی تنخواہوں کا آرڈر 2023 جاری کیا۔
سپریم کورٹ کے بعد ہائی کورٹ کے ججز کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے ہائی کورٹ کے ججز کی تنخواہوں میں اضافے کا آرڈر جاری کر دیا۔
وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق بنیادی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ کی تنخواہ 11 لاکھ 39 ہزار 251 روپے ماہانہ ہوگی جبکہ ہائی کورٹ کے جج کی تنخواہ 10 لاکھ 95 ہزار 434 روپے ماہانہ ہوگی۔