اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسرائیل میں ملازمت اختیار کرنے والے پانچ پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کرائم سرکل میرپور خاص نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل میں ملازمت اختیار کرنے والے 5 پاکستانی ملزمان کو گرفتار کرلیا، مجموعی طور پر 8 ملزمان کے خلاف 5 مقدمات درج کر لیے گئے۔ ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے، جنہوں نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی۔ ملزمان نے اسرائیلی ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کیے۔ گرفتار ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور کا تعلق میرپور خاص سے ہے، جو شینگن ویزے پر جارڈن ائرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے تھے۔
ایف آئی اے کرائم سرکل میرپور خاص کی بڑی کارروائی
اسرائیل میں ملازمت اختیار کرنے والے 5 پاکستانی ملزمان گرفتار۔ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت کرتے رہے۔
ملزمان نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی۔ملزمان نے اسرائیلی ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کئے۔ pic.twitter.com/RRZbB6FrlM— Federal Investigation Agency – FIA (@FIA_Agency) July 5, 2023
ملزمان ویسٹرن یونین کے ذریعے پاکستان رقوم منتقل کرتے رہے اور ترکی، کینیا و سری لنکا کے راستے سے بھی جارڈن ائرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے رہے۔ ملزمان وطن واپسی کے لیے دبئی کے راستے جارڈن ائرپورٹ سے کراچی آتے تھے۔
ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔