کراچی واٹربورڈ میں جعلی میڈیکل بلوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے ۔ جنوری ، فروری اور مارچ میں جعلی بلوں کی جانچ پر بھانڈا پھوٹ گیا ۔
محکمہ مالیات نے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اہم ذرائع نے بتایا کہ محکمہ مالیات واٹر بورڈ نے جعلسازیوں کی تحقیقات شروع کردی ہے جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ واٹر بورڈ کے کرپٹ افسران کی ملی بھگت سے نجی اسپتال اور میڈیکل اسٹور کا بل تین ماہ میں کروڑوں روپے میں پہنچا دیا گیا۔
جنوری میں جعلسازی سے نجی اسپتال کو 2 کروڑ 20 لاکھ بائیس ہزار ادا کیے گئے،فروری میں افسران کی ملی بھگت سے 2 کروڑ 15 لاکھ 5 ہزار اور مارچ میں 2 کروڑ 34 لاکھ روپے ادا کیے گئے،تحقیقات کے دوران سرکاری و نجی اسپتال میں 17 بوگس ایڈمیشن بھی پکڑے گئے،جو کبھی اسپتال داخل ہی نہیں ہوئے تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم ڈی واٹربورڈ نے جعلسازی سامنے آنے پر ملوث افسران اور ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ، اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے جس میں مزید اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے ۔