لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ لاہور میں بارش سے 6افراد جاں بحق ہوئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں ہربنس پورہ انڈر پاس کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا،دوران بریفنگ وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ ہربنس پوری انڈر پاس کے علاوہ لاہور کے تمام انڈر پاس کلیئر ہیں ،2گھنٹے میں ہربنس پورہ انڈر پاس سے نکاسی آب کا کام مکمل ہو جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ لاہور میں بارش سے 6افراد جاں بحق ہوئے، کرنٹ لگنے سے 3افراد اور چھت گرنے سے 2افراد جاں بحق ہوئے ،محسن نقوی کا کہناتھا کہ نہر اوور فلو کرنے سے پانی آبادی میں گیا،بہت زیادہ بارش ہوئی ہے، پانی کی نکاسی میں وقت لگے گا، گارڈن ٹائون، گلبرگ اور اطراف کے علاقوں میں پانی زیادہ جمع تھا۔
ان کاکہناتھا کہ کوشش ہے اگلے سپیل سے پہلے صبح کی بارش کا پانی نکال دیں،رات 9بجے بارش کا ایک اور اسپیل متوقع ہے،پانی نکالنے کیلیے 159پمپس کام کررہے ہیں۔