فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی واٹربورڈ میں دیہی سندھ کے لوگوں کی بھرتی کیلئے درخواستیں طلب

کراچی (امت نیوز)اسمبلی مدت پوری ہونے سے قبل پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے بڑے پیمانے پرسرکاری محکموں میں خالی اسامیوں پربھرتی کا فیصلہ کرلیا ہے،کافی وقت سے خالی گریڈ 5 تا پندرہ کی اسامیوں پربھرتیوں کیلئے اشتہارات جاری ہونا شروع ہوگئے، گریڈ 1 تا گریڈ 4 اسامیوں پربھی بھرتی شروع ہونیکا امکان ہے تاہم پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی گریڈ ایک تا چاراسامیوں پرسندھ حکومت کو فی الحال بھرتیاں نہ کرنیکی تجویزدے رہے ہیں۔

محکمہ بلدیات سندھ نے صوبے کی مختلف بلدیاتی کونسلزمیں اکاؤنٹنٹ کی 594 اسامیوں پربھرتی کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں،کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ میں بھرتی کیلئے دیہی سندھ کے ڈومیسائل کے حامل افراد سے بھی درخواستیں مانگی گئی ہیں،چند روز کے دوران کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں بھی مختلف گریڈزکی پچاس سے زائد اسامیوں کے اشتہارات جاری کئے گئے ہیں،محکمہ توانائی محکمہ آبپاشی محکمہ صحت کے بھی مختلف شعبوں میں بھرتیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

سندھ حکومت کے پاس اب 40 دن سے بھی کم کا وقت رہ گیا ہے اورپیپلزپارٹی قیادت کی کوشش ہے کہ گریڈ ایک تا چارکی ہزاروں خالی اسامیوں پربھی فوری بھرتیاں شروع کردی جائیں چونکہ گریڈ ایک تا چارکی اسامیوں کیلئے کسی ٹیسٹنگ ایجنسی سے امتحان کی ضرورت نہیں اوریہ اسامیاں فوری پربھری جاسکتی ہیں تاہم پیپلز پارٹی کے کچھ ارکان اسمبلی کا خیال ہے کہ گریڈ ایک گریڈ چار کی اسامیوں پر فی الحال بھرتیاں نہ کی جائیں کیونکہ ان ارکان اسمبلی کو اپنے حلقے کیلئے بہت محدود تعداد میں ملازمتیں ملیں گی اوربیروزگارزیادہ ہیں جس سے انکے حلقے کے لوگ ناراض ہوسکتے ہیں،سندھ اسمبلی کی آئینی مدت 13اگست کو مکمل ہوگی اوراس سے قبل سندھ حکومت سرکاری ملازمتوں پربھرتیوں کیلئے بڑے مراحل مکمل کرلے گی۔