کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری میں پانی، بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے خلاف عوام نے ماڑی روڈ پر احتجاج کیا، مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کردیا، جس کے بعد متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔ اکیس ویں صدی میں بھی لیاری کے مکین بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، پانی، بجلی اور گیس کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے ماڑی پور روڈ پر ٹریفک معطل کردی۔
احتجاج کے باعث کراچی پورٹ آنے اور جانے والی گاڑیاں پھنس گئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کا بھی استعمال کیا۔ مشتعل مظاہرین نے ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے، پولیس اورمظاہرین میں آنکھ مچولی کا سلسلہ 3 گھٹے تک جاری رہا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سخت گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، بچے گرمی سے بے حال ہیں، ہم لکڑیاں جلا کرتھک گئے ہیں، بجلی آتی نہیں بل آجاتے ہیں، لیاری والے لاوارث ہوگئے ہیں۔ بعد از پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرکے ٹریفک بحال کردیا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق لیاری میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، لوڈشیڈنگ کا دارو مدار بجلی چوری کی شرح پر منحصر ہے، متاثرہ علاقوں پر 10 ارب سے زائد کے واجبات ہیں۔