اسلام آباد(امت نیوز)حکومت پاکستان نے امریکا کی جیل میں قید پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے امریکا کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے،ڈاکٹرعافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی نے کہاہے کہ مراسلے کا ڈرافٹ ہمارے وکیل سے تیارکرایاجائے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے خط لکھ کر امریکا سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ میں یقین دہائی کرواتی ہوں کہ ڈاکٹر عافیہ وطن واپسی کی صورت میں کوئی سیاست نہیں کریں گی۔ وہ پہلے ہی ان لوگوں کو معاف کر چکی ہیں جنہوں نے انہیں امریکا کے حوالے کیا تھا۔فوزیہ صدیقی نے کہا کہ اگر حکومت نے امریکا کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے تو یہ اچھا اقدام ہے کہ اس کا ڈرافٹ ہمارے وکیل سے تیار کروایا جائے تاکہ اس میں کوئی قانونی سقم نہ رہ جائے۔فوزیہ صدیقی نے کہا کہ میری عافیہ صدیقی کے ساتھ ملاقات 20 سال بعد ہوئی۔ یہ کام کوئی بھی حکومت کروا سکتی تھی مگر نہیں کروایا گیا۔ امید ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی واپس ممکن ہو جائے گی۔