تورغر (اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر کا دورہ کیا جہاں انہیں کیپٹن صفدر نے منصوبوں پر بریفنگ دی، وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تورغر بونیر آر سی سی پل کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وزیراعظم نے مقامی قبائلی عمائدین و مشران سے خطاب میں کہا کہ ضلع تورغر میں سڑکوں، پلوں اور دیگرمنصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے، تورغر میں اب ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نےاپنے دور میں یہاں تاریخی منصوبے شروع کیے، گزشتہ حکومت نے منصوبوں کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا، نواز شریف کے منصوبوں کو اب آگے بڑھایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں منصوبوں کیلئےرقم مختص کردی ہے، وفاقی حکومت منصوبوں کی تکمیل میں صوبے کی معاونت کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کردی۔