ڈھاکا: بنگلہ دیش کے کپتان تمیم اقبال نے اچانک انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق تمیم اقبال کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب بنگلہ دیش کو افغانستان کے تین ون ڈے میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ورلڈ کپ میں بھی صرف تین مہینے ہی باقی ہیں ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران 34 سالہ تمیم اقبال نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنے 16 سالہ کیریئر کے اچانک اختتام کا اعلان کیا،انہوں نے 241 ون ڈے میچز کھیلے جن میں 36.62کی اوسط سے 8 ہزار 313 رنز بنائے جن میں 14 سینچریاں اور 56 نصف سینچریاں شامل ہیں ۔
میم اقبال نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ” یہ میرے لیے اختتام ہے ، میں نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا، میں نے اپنی بھر پور کوشش کی ، میں اسی لمحے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہاہوں ، گزشتہ روز افغانستان کے خلاف میرا میچ آخری تھا، یہ اچانک لیا گیا فیصلہ نہیں ، میں بہت سی وجوہات کی بنیاد پر اس بارے میں سوچ رہا تھا ، جنہیں میں یہاں بتانا مناسب نہیں سمجھتا ، میں نے اس بارے میں اپنی فیملی سے بھی بات چیت کی ہے ، میں سمجھتاہوں کہ ریٹائرمنٹ کیلیے یہ بہترین وقت ہے ۔“
انہوں نے کہا کہ ” میں اپنے تمام ساتھیوں ، کوچز اور بورڈ آفیشلز کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں ، اپنے فیملی ممبرز اور ان لوگوں کا بھی جو اتنے لمبے سفر میں میرے ساتھ رہے ، انہوں نے مجھ پر یقین رکھا ، میں مداحوں کا بھی شکر گزار ہوں ، آپ کی محبت اور یقین نے مجھے اس قابل بنایا کہ میں بنگلہ دیش کیلیے بہترین کھیل سکوں۔