راولپنڈی: شہید میجر میاں عبداللہ شاہ، نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان کی نماز جنازہ آج ان کے آبائی شہروں کوہاٹ، میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان میں ادا کر دی گئی۔ شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق نماز جنازہ میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، سپاہیوں، رشتے داروں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یاد رہے نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان نے میران شاہ کے قریب خودکش حملے میں شہادت قبول کی جبکہ میجر میاں عبداللہ شاہ نے ضلع خیبر کے علاقے شاہکس میں آپریشن کے دوران شہید ہو گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔یہ قربانیاں ہماری آنے والی نسلوں کو ایک پرامن پاکستان فراہم کرنے کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کی تصدیق اورایمان کو مضبوط کرتی ہیں۔