اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیرانسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف تحریک پیش کردی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیرصدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر بحث کے لئے تحریک پیش کی گئی۔ تحریک وزیر انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے پیش کی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی توہین پر دنیا بھر میں اربوں مسلمانوں کے دل دکھی ہیں، یو این سیکریٹری جنرل اس واقعے پر فوری اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس بلائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سوئیڈن کی حکومت کو اپنی پوزیشن کلیئر کرنی ہوگی اور جواب دینا ہوگا، جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف آگ بھڑکانے کی کوشش کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سوئیڈن واقعہ مسلمانوں اور مسیحیوں کو لڑانے کی سازش ہے، تمام سیاسی جماعتیں اس واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے توہین آمیز واقعہ کے خلاف اجلاس بلانے کے لیے رابطہ کررہا ہوں، اقوام متحدہ سے اپیل کروں گا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی قانون منظور کرے۔
شہبازشریف نے کہا کہ یہ ایوان جو قرارداد منظور کرے گی ہم وزارت خارجہ کے ذریعے اسے دنیا میں لیکر جائیں گے، امید ہے آج کی قرارداد کے بعد ایسی مذموم حرکتیں ہونا بند ہوں گی۔